منصور والی میں جوہڑوں پر قبضوں کی وجہ سے گائوں میں نکاسی آب کا نظام بری طرح تباہ ہوگیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) نواحی علاقہ منصور والی میں جوہڑوں پر قبضوں کی وجہ سے گائوں میں نکاسی آب کا نظام بری طرح تباہ ہوگیا ہے گلی محلوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوجانے کی وجہ سے علاقہ میں نظام زندگی مفلوج ہوکررہ گیا ہے اہل علاقہ کا شدید احتجاج، وزیر اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔

اہل علاقہ نے بتایا کہ بااثر افراد نے گائوںمیں موجود قدیمی جوہڑوں پر مٹی ڈال کر ناجائز قبضے جمالئے ہیں اور نکاسی آب کا بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے پورے علاقے میںسیلاب جیسے بدترین حالات پیدا ہوگئے ہیں۔گندے پانی میں ڈوبی اس بستی کے مکینوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ مقامی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام تک کوئی بھی ان کی مدد کیلئے تیار نظر نہیں آتا اور کئی روز سے علاقہ میں کھڑے اس پانی کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن ہو کررہ گئی ہے۔

پانی کی وجہ سے مکانوں کی بنیادیں کمزور ہورہی ہیں گھروں کے اندر تک پانی چلے جانے کی وجہ سے راشن اور گھروں کی دیگر اشیاء تباہ ہوگئی ہیں۔ نمازوں کے اہتمام میں تکالیف کے علاوہ سکول کالج اور روزگار پر جانے والے افراد شدید پریشانی سے دوچار ہیں جبکہ گندے پانی میںپلنے والے جراثیموں اور مچھروں کی وجہ سے خطرناک بیماریاں پھیل رہی ہیں۔اہل علاقہ نے مبینہ قبضہ مافیا کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔