ایران کی سعودی عرب کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی

Ahmad Reza burdstan

Ahmad Reza burdstan

تہران (جیوڈیسک) ایران کی بری فوج کےسربراہ بریگیڈیئر احمد رضا بوردستان نے دھمکی دی ہے کہ اگر سعودی عرب نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف فوجی کارروائی بند نہ کی تو تہران ریاض کےخلاف فوجی کارروائی سے گریز نہیں کرے گا۔

ایران کی ایک ویب سائٹ پر جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بریگیڈیئر بوردستان نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ کشیدگی نہیں چاہتا لیکن ریاض کو بھی یمن میں حوثیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن بند کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے یمن میں حوثیوں کے خلاف جاری لڑائی بند نہ کی تو جنگ کا دائرہ وسیع ہو سکتا ہے۔ ایسے میں ہمیں بھی سعودی عرب کے خلاف فوجی کارروائی پر مجبور ہونا پڑے گا۔ خیال رہے کہ ایرانی فوجی عہدیدار کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے۔

جب سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں حوثیوں کے خلاف “فیصلہ کن طوفان” آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے تاہم ایران اور اس کے حلیف بعض ممالک یمن میں سعودی عرب کے فوجی آپریشن کے خلاف ہیں۔ ایسے حالات میں سعودی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ یمن میں سعودی عرب کے فوجی حملے بند نہ ہوئے تو ایرانی طیارے سعودی عرب پر بمباری کریں گے۔