صنعا میں اسکڈ میزائل اڈے پر فضائی حملہ میں 85 افراد ہلاک، 400 زخمی

Yemen

Yemen

صنعا (جیوڈیسک) یمن کے دارالحکومت صنعامیں اسکڈ میزائل بیس پراتحادی فوج کے فضائی حملے میں 85شہری ہلاک اور 400زخمی ہو گئے، ہلاکتیں عمارتیں گرنے سے ہوئیں، حملے کے بعدعمارت کوآگ لگ گئی جبکہ ایران نے سعودی عرب کو دھمکی دی ہے کہ اگراس نے یمن میں فوجی کارروائی بندنہ کی توایران سعودی عرب کے خلاف فوجی کارروائی سے گریزنہیں کرے گا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یمن میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیاروں نے صنعامیں ایک ایسی فوجی چھاؤنی کو نشانہ بنایا جوحوثی باغیوں کے زیر قبضہ ہے۔ ڈی پی اے کے مطابق فج عطان نامی فوجی چھاؤنی میں یمن کی میزائل بریگیڈ تعینات تھی۔

دھماکے اس قدرشدید تھے کہ پوراعلاقہ لرزاٹھا۔ زیادہ تر ہلاکتیں بھی قریبی عمارتیں گرنے کی وجہ سے ہوئیں۔ حملے میں انڈونیشیاکے سفارت خانے کی عمارت کوبھی نقصان پہنچا اور 2سفارتکار زخمی ہوئے۔

صدارتی محل اور متعدد سفارتخانوں کی عمارات بھی لرزاٹھیں اور دیکھتے ہی دیکھتے تمام علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ این این آئی کے مطابق سعودی اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل احمد العسیری نے کہا ہے کہ اتحادی طیاروں نے یمن میں حوثی ملیشیا کے 80 فیصد گولہ باروداور اسلحے کوتباہ کردیا ہے۔ بیلسٹک میزائلوں کو بھی ناکارہ بنا دیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اتحادی طیاروں نے حوثی ملیشیا اور صالح کی فورسز کے ٹھکانوں اورتنصیبات پر 106 فضائی حملے کیے۔ یمن میں سعودی عرب کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن ’فیصلہ کن طوفان‘ میں جنگی طیاروں کے ذریعے بعض شہروں میں پمفلٹس بھی گرائے گئے ہیں۔