سعودیہ کیخلاف ایرانی کمانڈر کے دھمکی آمیز بیان کی مذمت کرتے ہیں، تحریک دفاع حرمین

Karachi

Karachi

کراچی : تحریک دفاع حرمین شریفین کی جانب سے ایرانی کمانڈرکے سعودی عرب کونشانہ بنانے کے بیان کی مذمت،لبیک حرمین ریلی کے سلسلے میں کمیٹیوں کی تشکیل کردی گئی جبکہ مفتی محمد تقی عثمانی ، ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر ، مولانا سلیم اللہ خان ، مولانا سمیع الحق، مولانا احمد لدھیانوی، حافظ محمد سعید، جنرل حمید گل کے علاوہ تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیںکریں گے۔

ریلی میں شریک ہونے کی دعوت دیجائیگی،واضح رہے کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ میں گزشتہ روز مختلف مذہبی ،سیاسی اور مدارس منتظمین کی جانب سے تحریک دفاع حرمین کے پلیٹ فارم سے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کی سربراہی میں یمن کے مسئلہ میں حکومت پاکستان کے سعودی عرب کاساتھ نہ دینے کے خلاف سعودی عرب کی حمایت میںباقاعدہ تحریک چلانے کا اعلان کردیا گیا۔

جس میں شہر قائد کے تمام منتظمین مدارس ، اہلسنت والجماعت ،جمعیت علماء اسلام (فضل الرحمن) جمعیت علماء اسلام (سمیع الحق) تحریک تحفظ ختم نبوة پاکستان ، جماعة الدعوة ، مرکزی جمعیت اہل حدیث ، انجمن دعوت اہلسنت والجماعة پاکستان ،تحریک غلبہ اسلام ، تحریک خدام الفرقان ، انصار الامہ ، الرحمت ٹرسٹ سمیت دیگر چھوٹی بڑی سیاسی و مذہبی تنظیموںکے قائدین اور نمائندے شامل تھے ،علاوہ ازیں اجلاس میں جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوریہ ٹاون ، جامعہ دارالعلوم کراچی ، جامعة الرشید ، جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی ، جامعہ اشرف المدارس گلستان جوہر ، جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ،جامعہ دراسات الاسلامیہ ، اسلامک یونیورسٹی ،جامعہ احسن العلوم ،جامعہ ابوبکرسمیت دیگر چھوٹے بڑے مدارس کے منتظمین بھی شریک تھے۔

24 اپریل بعدنمازجمعہ گرو مندر سے تبت سینٹر تک ریلی نکالنے کا اعلان کیاگیا اور ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے مختلف سیاسی، مذہبی جماعتوں اور مدارس منتظمین پر مشتمل رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کرکے انہیں سعودی عرب کی حمایت میں تحریک میں شرکت کی دعوت دیں گے اور ائمہ مساجد سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ لبیک حرمین شریفین ریلی کو کامیاب بنانے میں اپنے محلوں میں مہم چلائیں لوگوں کو بتائیں کہ سعودی عرب ہماری ہر مشکل کا ساتھی ہے اورحرمین شریفین کی حفاظت ہمارادینی فریضہ ہے۔

سعودی عرب کے ساتھ تعاون نہ کرکے ہمیں تنہا کرنے کی کوشش کی جاری ہے ۔دریں اثناتحریک دفاع حرمین شریفین کے سربراہ شیخ الحدیث مفتی محمد نعیمِ اہلسنت والجماعت کے مرکزی صدر مولانا اورنگزیب فاروقی ، جماعة الدعوة کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی سمیت دیگر رہنماوں نے اپیل کی ہے وہ 24اپریل کو عظیم الشان ریلی کا میاب بنانے میں عوام اپنا کردار ادا کرے،، دفاع حرمین شریفین کے پلیٹ فارم سے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، حکومت فی الفور عرب اتحاد کا حصہ بنے جو لوگ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگاتے ہیں۔

وہ یہ جان لیں ہم خطے میں پہلے ہی تنہا ہیں سعودی عرب کا ساتھ نہ دیکر ہمیں مزید تنہا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ، انشاء اللہ تحریک دفاع حرمین شریفین اس وقت جاری رہے گی جب تک حکمران سعودی عرب کی کھل کر حمایت نہیں کرتے۔ رہنماؤں نے ایرانی کمانڈرکے اس بیان کی شدیدمذمت کی جس میں انھوں نے سعودی عرب کے تمام شہروں کونشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے،انھوں نے کہاکہ سعودی عرب سے ہمارا رشتہ صرف دوستی کا نہیں بلکہ ایمان کا رشتہ ہے،حرمین شریفین کا مسئلہ کسی ایک مکتبہ فکر کا نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے ،اس قسم کے غیرذمہ دارانہ بیانات سے گریزکیاجائے۔