یمن کے حوثیوں کیلئے اسلحہ لے جانے والی ایرانی کشتیوں کو گھیرے میں لے لیا، پینٹاگون

Ship

Ship

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کے دفاعی ادارے پینٹا گون نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی لڑاکا طیاروں نے ایسی ایرانی کشتیوں کو گھیرے میں لے لیا ہے جس کے ذریعے ممکنہ طور پر یمن کے حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کیا جانا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جنگی بحری بیڑے یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ نے ایسی ایرانی کشتیوں کی نشاندہی کی جو اسلحے سے لدی ہوئی تھیں جب کہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ اسلحہ یمن میں حوثی باغیوں کو فراہم کیا جانا تھا۔

دوسری جانب امریکی بحریہ کے حکام نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بحری بیڑے کو ایرانی کشتیوں کو روکنے کے لیے بحیرہ عرب کی جانب روانہ کردیا گیا ہے جب کہ پینٹا گون کے مطابق ایرانی کشتیوں میں جدید اسلحہ اور وار شپ موجود ہیں جو ممکنہ طور پر حوثی باغیوں کو فراہم کیا جانا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے حوثیوں کو ہر قسم کے اسلحہ کی فراہمی پر پابندی کے بعد امریکی بحری بیڑہ بحیرہ عرب میں موجود ہے جو یمن جانے والے ہر جہاز پر نظر رکھے ہوئے ہے۔