سرینگر (جیوڈیسک) حریت کانفرنس کے چیئرمین علی گیلانی نے قوم کو اپنا محاسبہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک لوگ اپنی کمزوریوں پر قابو نہیں پائیں گے تب تک آزادی کی منزل دور رہے گی۔انہوں نے مفتی محمد سعید اور عمر عبداللہ کشمیری نوجوانوں کی ہلاکت کا برابر ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اِن دونوں میں کوئی تفاوت نہیں ہے۔
ایک ریلی سے خطاب کرتے عمر عبداللہ اور مفتی سعید کو ایک جیسا قرار دیتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ اقتدار کے حصول اور کرسی سے چمٹے رہنے کے سوا اِن کا کوئی ہدف نہیں ہے بلکہ انہیں اپنی قوم کے جینے مرنے سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا 2010 ء میں جتنے بھی معصوم طالب علم مارے گئے، عمر عبداللہ ان کا قاتل ہے اور مفتی سعید نے بحیثیت بھارتی وزیر داخلہ بھی کشمیریوں کا قتل عام کروایا۔ بھارت نواز لوگوں کا ساتھ دینے والے بھی قومی مجرم ہیں۔
گیلانی نے کہا کہ بھارت کے قبضے اور الیکشن کے حوالے سے تمام آزادی پسندوں کا موقف ایک جیسا ہے اور ان میں الگ ہونے کے باوجود اس حوالے سے ہم آہنگی ہے۔