مذہبی جماعتوں کی جانب سے ”لبیک حرمین شریفین ”ریلی وجلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : تحریک دفاع حرمین کے سربراہ وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کی زیر صدارت جامعہ بنوریہ عالمیہ میں تحریک دفاع حرمین کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔جس میں یمن کی موجودہ صورتحال اور 24 اپریل کو ہونیوالی ”لبیک حرمین شریفین ” ریلی وجلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی اور پرزور اپیل کی گئی ہے کہ ائمہ مساجد وخطباء جمعے کو یوم تحفظ حرمین منا کر عوام کو آگاہی فراہم کریں اور اپنے علاقوں سے قافلوں کی صورت میں ریلی و جلسے میں شرکت کریں۔

،اس موقع پر تحریک دفاع حرمین شریفین کے سربراہ شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے اجلاس میں موجود مختلف جماعتوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یمن میں عرب اتحاد کا فضائی آپریشن ختم ہوچکاہے لیکن باغیوں کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ،یمن کی جنگ میں سعودی عرب کی حمایت کا واضح اعلان نہ کرکے حکمرانوں نے پاکستان کو خطے میں تنہا کردیا ہے، غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج دوست ممالک سے ہم سے دور ہورہے ہیں پاکستان کو جب بھی کسی موقع پر حمایت کی ضرورت پڑی توسعودی عرب نے اول دستے کا کردار اداکیاہے ، مگر افسوس ہمارے حکمرانوں نے سعودی عرب کی کھل کر حمایت نہ کرکے خود کو عربوں کی نظروں گراکر محسن کشی کی ہے جس کے اثرات مستقبل پر منفی مرتب ہوں گے۔

اور دونوں ممالک کے درمیان دوریوں کا باعث بنیں گے ، انہوںنے کہاکہ عرب اتحاد نے اگرچہ فضائی کاروائیوں کو روکنے کا اعلان کیا ہے لیکن تاحال باغیوں کے خلاف یمن میں جنگ جاری ہے ،ابھی حکومت پاکستان کے پاس وقت ہے کہ وہ سعودی عرب جیسے محسن دوست کے بے شمار احسانات کا بدلہ احسان کے ذریعے سے دےْ۔انہوںنے کہاکہ تحریک دفاع حرمین وقتی تحریک نہیں بلکہ حرمین کے خلاف سازشوں کے سدباب کرنے کا پلیٹ فارم ہے ، لبیک حرمین شریفین ریلی کامقصد حرمین کے خلاف سازشوں کے سدباب کیلئے مذہبی طبقے کو بیدار کرنا ہے۔

اس موقع پر میں دفاع حرمین شریفین رابطہ کمیٹی کے ارکان میںاہلسنت والجماعت کے مولانا تاج محمد حنفی ، مولانا رب نواز حنفی ،جامعة الدعوة کراچی کے حافظ امجد، مولانا اعجاز مجاہد، ختم نبوة کے مولانا اعجاز، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ایڈمنسٹرٹر مولانا غلام رسول ، مولانا سیف اللہ ربانی ،جمعیت علماء اسلام (س) کے مولانا غلام مصفیٰ فاروقی ، مولانا حماد اللہ شاہ ،جامعة الرشید کے مولانا الطاف الرحمن ، مفتی مطیع الرحمن ، مولانا عبدالرحمن سندھی اور مولانا جامعہ دارلھدیٰ کے مہتمم مولانا عبدالحمید ربانی بھی موجود تھے۔

اجلاس میں لبیک حرمین شریفین ریلی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں حتمی شکل دیدی گئی اور اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان کی جانب سے شہر بھر کے ائمہ مساجد سے اپیل کی گئی کہ وہ تحریک دفاع حرمین شریفین کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا کردار ادارکریں جمعہ کو یوم تحفظ حرمین مناکر عوام کو آگاہی فراہم کرین اور لبیک حرمین ریلی وجلسے میں اپنے اپنے علاقوں سے عوام کے ساتھ شرکت کریں اور اس موقع پر سب نے عزم کیاکہ حرمین کے خلاف جب بھی کبھی سازش ہوگی فرقہ و مسلک سے بالاتر ہوکر خدمات سرانجام دیں گے۔