ماڈل صائمہ اظہر نے فلم انڈسٹری میں قدم رکھ دیا

Saima Azhar

Saima Azhar

لاہور (جیوڈیسک) ٹی وی کمرشلزسے شہرت حاصل کرنے والی سپرماڈل صائمہ اظہر نے بڑی اسکرین پر نظر آنے کی تیاریاں شروع کردیں۔

’’صائمہ اظہر نے بتایا کہ کثیرسرمائے سے بنائی جانے والی ایک فلم کے لیے انہیں سائن کیا گیا ہے لیکن اس کا نام اور کاسٹ کے حوالے سے تفصیلات معاہدے کی وجہ سے فی الحال نہیں بتاسکتی لیکن اتنا ضرور بتا سکتی ہوں کہ یہ ایک منفرد موضوع پربنائی جانے والی فلم ہے۔ جسے دیکھنے کے بعد فلم بین ڈپریشن میں جانے کے بجائے چہروں پر مسکراہٹ لے کرسینما ہال سے باہرنکلیں گے۔ مجھے ایک مضبوط کردارنبھانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور یہ میرے لیے بہت چلینجنگ بھی ہوگا۔

صائمہ اظہر نے کہا کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے لیکن مجھے یوں لگتا ہے کہ ایک خاص طرز کی فلمیں بنانے پرزیادہ توجہ دی جارہی ہے۔اس وقت ہمارے ملک میں بے پناہ مسائل ہیں اور ان مسائل کی وجہ سے ہر کوئی پریشان دکھائی دیتا ہے۔

ایسے میں ہماری یہ اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ ایسی فلمیں بنائیں جن کو دیکھ کر لوگ اپنے تمام مسائل بھول جائیں اوران کے چہروں پر مسکراہٹ دکھائی دے۔ دہشت گردی کے موضوعات کے بجائے اب ہمیں رومانٹک اور کامیڈی فلمیں بنانی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سے جب سے

فلمسازی شروع ہوئی ہے تب سے فیشن انڈسٹری کی سُپرماڈلز کو بطورہیروئن سائن کرنے کا رجحان زورپکڑرہا ہے جوبہت خوش آئندہے۔ اس وقت لوگ نئے چہروں کو دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے جب تک ہم دنیا کی ترقی یافتہ فلم انڈسٹریز کی طرح بہتر کام کرنے کے ساتھ ساتھ نئے چہروں کو متعارف نہیں کروائیں گے، اس وقت تک فلم انڈسٹری کی بحالی مکمن نہیں ہوگی۔