واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کو نئے ایف 35 طیارے فراہم کرنے کے عزم اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی قسم کے جوہری معاہدے میں اسرائیلی تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔
ایک اسرائیلی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ امریکہ اپنے اتحادی ملک اسرائیل کو آئندہ سال نئے ایف تھرٹی فائیو طیارے فراہم کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل ہمارا بہترین واحد اتحادی ملک ہے جسے یہ پانچویںجنریشن ائر کرافٹ فراہم کئے جائینگے۔
ایران کے ساتھ جوہری معاہدے میں اسرائیل کا بھرپور تحفظ کیاجائیگا جبکہ ایران کی جانب سے اس کی جوہری تنصیبات کی سخت عالمی نگرانی پر اتفاق رائے طے پائے بغیر جوہری معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی جائیگی انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے دھوکا دینے کی کوشش کی تو امریکہ کے پاس تمام آپشنز میز پر موجود ہیں۔