کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ کپتان کو ایک الیکشن کا افسوس ہے لیکن ہمارا مینڈیٹ ہر بار چوری ہوتا ہے تاہم ہرالیکشن کے بعد پیپلز پارٹی نئے ولولے سے زندہ ہوتی ہے۔
لیاری کے ککری گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرادری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فلسفہ ہے اور ہم عوامی خدمت کے لئے سیاست کرتے ہیں اور یہ خدمت ہمیشہ کرتے رہیں گے۔
ایک زمانہ تھا جب ہم لیاری میں سڑکوں پر گھوما کرتے تھے لیکن مشرف کی باقیات نے لیاری کو خون کی ہولی میں تبدیل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال بعد الیکشن ہونے والے ہیں اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اسے نوجوانوں کے ہاتھ میں دیں گے۔
نوجوان نسل پارٹی قیادت سنبھالے وزیراعلی سید قائم علی شاہ اورمیں حکومت سنبھالیں گے جب کہ بلاول اور آصفہ کے آنے تک پارٹی کا جھنڈا سنبھالے رکھوں گا۔