بدقسمتی سے ملک اور عوام کو سب سے زیادہ ہر دور کے حکمرانوں نے لوٹا ہے۔ معراج الہدیٰ صدیقی

Meraj u Huda Sidiqi Pray

Meraj u Huda Sidiqi Pray

بدین (عمران عباس) جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ملک اور عوام کو سب سے زیادہ ہر دور کے حکمرانوں نے لوٹا ہے جس کے باعث آج بھی عوام غربت بے روزگاری بدامنی اور ناانصافی کا شکار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز بدین پریس کلب کے صدر تنویر احمد آرائیں کے بتیجے کامران احمد کی وفات پر اظہار تعزیت اور جماعت اسلامی کی جانب سے جاری رابطہ عوام مہم کے کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاانہوں نے کہا کہ ملک پاکستان عوام کے لیئے بنایا گیا تھا لیکن بد قسمتی سے حکمرانوں نے اس ملک کے اقتدار اور تمام وسائل کا حقدار صرف امیر طبقے کو بنا دیا جس کی بڑی وجہ کمزور جمہوریت اور ہم خود بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان دینے کا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام سے صحت، تعلیم سمیت عوام کو بنیادی حقوق سے بھی محروم کردیا ہے جبکہ حکمرانوں اور امیروں کے بچے امریکا اور لندن میں تعلیم حاصل کرتے ہیں اور علاج بھی وہاں سے کرواتے ہیں جبکہ پاکستان کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولت میسر نہیں ہے اور ادویات کی بھی کمی ہے۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ کراچی میں ہونے والے ضمی انتخابات پر امن اور شفاف بنانے کا کریڈٹ رینجرس کو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ متحدہ نے انتخابات میں کامیابی کے لیئے مہاجر کارڈ کا استعمال کیا جبکہ آئندہ انتخابات میں کراچی میں ہر فردمیں متحدہ کے سامنے انتخابات لڑنے کی جرئت پیدا کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی کرتوتوں کے باعث کمزور ہوچکی ہے ملک بھر کی طرح آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو سندھ میں بھی شکست ہوگی انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیر داخلہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی بھی تحقیقات کرائی جائے تاکہ حکومت کے اندر بیٹھی کالی بھیڑیوں کو بھی سامنے لایا جاسکے۔

اس موقعے پر جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر غلام رسول احمدانی، جنرل سیکریٹری اللہ بچایو ھالیپوٹو اور مقامی ذمیداران فتح خان کھوسہ، محمد موسیٰ ملاح، اور دیگر موجود تھے۔