پنجاب حکومت کا سرکاری اسکولوں کی طرز پر دیہی و بنیادی مراکز صحت اپنانے کا فیصلہ

Basic Health Center

Basic Health Center

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت نے سرکاری اسکولوں کی طرز پر دیہی و بنیادی مراکز صحت کو بھی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیکرٹریٹ لاہور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس کی سربراہی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وڈیو لنک کے ذریعے کی، اجلاس میں صحت کے شعبے میں اصلاحات کے پروگرام پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں اسکول کی طرزپرمحکمہ صحت کےدیہی و بنیادی مراکزصحت اپنانےکا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت صوبائی وزرا، بیوروکریسی اوردیگر اعلیٰ حکام ایک ایک دیہی مرکزصحت اپنائیں گے۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کی سہولتوں کی بہتری کے لیےاصلاحات کررہی ہے،سرمایہ کاری کےحصول کے لئے مانیٹرنگ کا موثر نظام ناگزیر ہے، جعلی ادویات تیارکرنے والی فیکٹریاں انسانوں کی قتل گاہیں ہیں، جعلی ادویات تیار کرنے والی فیکٹریوں کو سیل کرکے مالکان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، انہوں نے ڈرگ ٹیسٹ لیبز کو آؤٹ سورس کرنے اور اسپتالوں میں طبی آلات کا مکمل سروے کرانےکی بھی ہدایت کی۔