مزدوروں کو مکمل معاشی تحفظ فراہم کرینگے، روشن پاکستان پارٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی مفاد پرستانہ پالیسیوں کے باعث استحصالی طبقات امیر سے امیر ترین اور مظلوم طبقات غریب سے غریب ترین ہوئے جبکہ بڑھتی ہوئی غربت و بیروزگاری اور مہنگائی کے تناسب سے اجرتوں میں اضافے سے اجتناب نے مزدوروں کی کمر توڑدی ہے اور حکمران طبقات مزدوروں کی حالت زار پر رحم کرنے کی بجائے سرمایہ داروں اور استحصالی طبقات کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔

یہ بات محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر پٹی اور وائس چیئرمین اسلم خان نے ملاقات کیلئے روشن پاکستان آنے والے مزدور رہنما شیرگل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ روشن پاکستان پارٹی آجر و اجیر کے درمیان باہمی مفادات کا ایسا تعلق قائم کرنا چاہتی ہے جس میں مزدور کو اس کی محنت کی بھرپور اجرت اور مکمل معاشی تحفظ حاصل ہو جبکہ سرمایہ دار کو بھرپور منافع اور سرمائے کا مکمل تحفظ ملے اور ایسا اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب ملک میں آئینی ضمانت کے ساتھ مقامی خود مختاری کا نفاذ ہو اور تمام ڈویژنوں کو با اختیار و خود مختار بنادیا جائے۔