عراق : داعش کے ساتھ جھڑپوں‌ میں‌ 30 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے

Iraq Army

Iraq Army

بغداد (جیوڈیسک) صوبہ الانبار کے پولیس سربراہ میجر جنرل کاظم الفہداوی نے بتایا کہ الرمادی شہر میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران سکیورٹی فورسز اور داعش کے درمیان شدید لڑائی ہوئی ہے۔

انھوں نے تیس پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور ایک سو سے زیادہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ داعش نے گذشتہ سال جون سے الانبار کے بیشتر علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور انھوں نے صوبائی دار الحکومت اور دوسرے علاقوں پر قبضے کے لیے گذشتہ ہفتے یلغار کی تھی۔

انھوں نے ہفتے کے روز اردن کی سرحد کے ساتھ واقع بارڈر کراسنگ طربیل پر تین خودکش بم دھماکوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔ ان بم دھماکوں میں سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

الرمادی کے مشرقی حصے میں جمعہ کے روز جھڑپوں اور بم دھماکوں میں دو سینیر افسروں سمیت تیرہ فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔