دہشت گرد اب بھی مختلف بھیس بدل کر حکومتی صفوں میں چھپے ہوئے ہیں۔مولانا عبدالخالق

MWM

MWM

گجرات : ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے، دہشت گرد اب بھی مختلف بھیس بدل کر حکومتی صفوں میں چھپے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس و حدت مسلمین پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ مولانا عبدالخالق اسدی نے امام بارگاہ زینبیہ قادر کالونی گجرات میں مجلس وحدت مسلمین گجرات کی ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کو ختم کرنے کی بجائے ان سے مذاکرات پر بضد رہی ۔ ضرب عضب کا سہرا پاک فوج کو جاتا ہے ، جنہوںنے دہشت گردی کے خاتمہ میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دہشت گردوں کے پکڑنے کی بجائے قومی ایکشن پلان کے تحت بے گناہ اور شریف سنی شیعہ شہریوں کو گرفتار کرنے میں مصروف عمل ہے جبکہ دہشت گرد ٹولے کے خلاف کوئی موثر کارروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں حقیقی معنوں میں جمہوری نظام چاہتے ہیں جس میں بلاتفریق ہر پاکستانی قانون سازی کے عمل میں شریک ہوسکے ۔ موجود سسٹم کے تحت صرف 10فیصد مخصوص طبقہ نے 90فیصد لوگوں کو یرغمال بنارکھا ہے جن کے حقوق کا کوئی تحفظ نہیں اور نہ ہی جان و مال کی حفاظت کی جارہی بلکہ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے پولیس کو استعمال کرکے لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کیا جارہا ہے ۔ انہوںنے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ مجلس وحدت مسلمین بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لے گی ۔ انہوںنے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں شریک ہوئے بغیر اپنے حقوق کا تحفظ کیا جاسکتاہے نہ ہی انہیں حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کوئی اختلاف نہیں اور اس وقت تمام سنی جماعتوں کے سربراہ ہمارے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔

انہوں نے ضلعی شوریٰ کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ مجلس وحدت مسلمین کے پیغام کو گلی محلوں میں پھیلا دو۔ ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی جنرل سیکرٹری علامہ مولانا ڈاکٹر سید تنویر حسین رضوی نے کہا کہ ضلع گجرات میں اب تک 22یونٹ کا قیام عمل میں آچکا ہے ۔ خیر العمل فائونڈیشن کے تحت بیوگان ، شہداء کے لواحقین اور مستحقین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے ۔ 3دینیات سنٹرز قائم ہوچکے ہیں جہاں قرآنی تعلیم دی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم سیرت آل محمد کی ترویج کے لیے دن رات کوشاں ہیں ۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی نمائندہ تعمیر ملت فنڈ تقی حیدر نے خطاب کرتے ہوئے فنڈز کے لیے اپیل کی کہ مجلس وحدت کو مالی طور پر مضبوط کرنے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر تمام یونٹس کے ذمہ داران نے اپنی اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کی اور علاقائی مسائل سے آگاہ کیا۔ تمام شرکائے اجلاس نے اس بات پر اتفاق کیا کہ محبت اور اتفاق واتحاد کی فضا کی فروغ دیا جائے اور ملت کو بیدار کرنے کے لیے جدوجہد کو تیز کیا جائے۔

اجلاس میں علامہ مولانا الطاف حسین رضوی ، مولانا نسیم عباس شیرازی ، سید ہارون بابر جعفری معین الدین پور، سید امتیاز حسین شاہ کلیوال سیداں ، یاورعباس کنجاہ ، غلام حسین ترکھا، سٹی سیکرٹری جنرل صفدرحسین کاظمی ، ممتاز حسین نقوی، سید ضمیر حسین شاہ مدینہ سیداں ، سید کاظم سجاد نقوی بیکنہ والا، خاور عباس لالہ موسیٰ سمیت دیگر یونٹس سے کثیر تعداد میں اراکین نے شرکت کی۔