لاہور (جیوڈیسک) زمبابوین کرکٹ ٹیم 15 مئی کو پاک سرزمین پر قدم رکھے گی،اس حوالے سے معاملات طے پا گئے، رسمی اعلان منگل کو متوقع ہے، تینوں ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں ہی کھیلے جائینگے، پی سی بی زیڈ سی کو مختصر دورے کیلیے 5کروڑ روپے ادا کریگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا راستہ ہموارہوگیا، 3 مارچ 2009 کو سری لنکن ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد سے ویران میدان اب پھر آباد ہوں گے، زمبابوے نے اپنے دورے کی زبانی تصدیق کرتے ہوئے سیکیورٹی وفد3 مئی کو بھجوانے کا پیغام دیدیا، مہمان ٹیم کی آمد 15مئی کو ہوگی، تمام پانچوں میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلے 2 ٹی ٹوئنٹی مقابلے20 اور22 مئی کو ہونے ہیں، بعد ازاں ون ڈے سیریز کے میچز26، 28 اور 31 مئی کو کھیلے جائینگے، مہمان ٹیم کا قیام بھی اسٹیڈیم کے ساتھ واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوگا جہاں سے پلیئرز کی آمدورفت کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنا مشکل نہیں
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اس مختصر ٹور کے عوض زمبابوے کرکٹ کو5 کروڑ روپے ادا کریگا جس میں سفری اخرجات اور میچ فیس بھی شامل ہوگی۔ پی سی بی ترجمان نے کہاکہ کراچی میں میچ کرانے پر اصرار کی صورت میں پورا ٹور خطرے میں پڑ سکتا تھا، اس لیے زمبابوے کرکٹ کی رائے کا احترام کیا۔