کراچی : صفائی نصف ایمان ہے جبکہ عوام کی بنیادی ضرورتوں میں سے ایک ہے اگر صفائی کا نظام بہتر ہو تو معیاری صحت مند ماحول اور علاقے خوبصورت دکھائی دیتے ہیں ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قراة العین میمن نے میو نسپل کمشنربلدیہ کورنگی مسرور حسین میمن کے ہمراہ صفائی مہم کے سلسلے میں ہونے والی واک کی قیادت کے اختتام پر عوام الناس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز محمد رفیق شیخ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سید محمد احمد نقوی ،انفارمیشن آفیسر کورنگی زون محمد عامراوربلدیہ کورنگی ، کورنگی زون کے افسران و ملازمین بھی موجو دتھے انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے علاقے کی خوبصورتی اور ماحول کو صحت مند پاکیزہ رکھنے کے لئے اپنے اطراف صفائی کا خاص خیال رکھیں کیونکہ گلیاں محلے اپنے گھر کی مانند ہیں اور گھر کی صفائی و پاکیزگی خود مکین کے مذہب ، تعلیم یافتہ اور باشعور ہونے کی نمائندگی کرتی ہے۔
موقع پر موجود صفائی ستھرائی کے عمل پر مامور سینٹری ورکر اور سینٹری انسپکٹر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتی جائے کیونکہ صاف ستھرے ماحول سے ہی ایک صحت مند معاشرہ جنم لیتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کورنگی کی عوام کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کرنا انتظامیہ کا منشور ہے اور اس سلسلے میں اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو ممکنہ ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ عوام کا فرض بنتا ہے کہ وہ بھی انتظامیہ کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون جاری رکھیں۔