وزیرآباد کی خبریں 28/04/2015

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) تحصیل وزیرآباد میں گندم کے خریداری کے 8مراکز پر باردانہ کی تقسیم شروع کر دی گئی۔مجموعی طور پر ان مراکز میں 16 لاکھ تھیلے گندم کی خرایداری کی جائے گی۔ باردانہ کی تقسیم کا سلسلہ 30مئی تک جاری رہے گا۔پی آ رسنٹر وزیرآباد میں پہلے روز 13776 تھیلے تقسیم کئے گئے۔پی آر سنٹر وزیرآباد کے انچارج رانا سجاد اسلم کے مطابق وزیرآباد کا خرایداری مرکز 50 دیہات کا احاطہ کر تا ہے جہاں 16 تھیلے فی ایکڑ کے حساب سے تقسیم کئے جائینگے۔ پہلے روز 42 کاشتکاروں میں 13776 تھیلے تقسیم کئے گئے ہیں اور باردانہ کی تقسیم کا سلسلہ 30 مئی تک جاری رہے گا اور 1300 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی جائے گی۔ پی آر سنٹر وزیرآباد سے مجموعی طور پر 12 ہزار مٹرک ٹن گندم خرید کی جائے گی۔تحصیل بھر کے 8 خریداری مراکز ہیں جن میں وزیرآباد، گکھڑ منڈی، جو ڑا سیان، کھیوے والی، ، رسولنگر، کلاسکے، علی پور چٹھہ،ورپال چٹھہ اور احمد نگر کے مراکز شامل ہیں ۔ ان مراکز پر مجموعی طور پر 16 لاکھ تھیلے تقسیم کئے جائینگے۔گندم کی خرایداری تقسیم کئے گئے تھیلوں کے مطابق ہو گی اور پنجاب حکومت کی پالیسی پر مکمل طور پر عمل در آمد کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیلاب متا ثرہ علاقوں میںتا حال جراثیم کش سپرے نہ کیا جا سکا ۔سیلاب کے بعد حکومت نے ہر متاثرہ علاقے میں فوری سپرے کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ مکھی مچھر اور دیگر حشرات کی بھرمار سے علاقہ مکین پریشان حال ، بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ ،فوری سپرے کرنے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق تحصیل وزیرآباد کے سیلاب متاثرہ علاقوں ہری پور بند ،لویری والہ ،رانا بہرام ،نوگراں ،سوہدرہ ،ٹاہلی والہ ،ٹھٹھی بلوچ،خانکی سمیت درجنوں دیہاتوں میں تا حال جراثیم کش اسپرے نہیں کیاگیا حالانکہ صوبائی اور وفاقی حکومت نے سیلاب کے فوری بعد ہنگامی بنیادوں پر سپرے کرنے کا اعلان کیا تھا ۔علاقہ کے مکینوں نے کہا ہے کہ سیلاب تو گزر گیا لیکن ان کے لئے مصیبتیں چھوڑ گیا حکومت صرف سیلاب متاثرین کو پائوں پر کھڑا کرنے کے اعلانات تک محدود رہی ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد متعدد بار طوفانی بارشیں ہو چکی ہیں اور پانی آج تک ان کی زمینوں اور نشیبی جگہوں پر موجود ہے جن پر مچھر مکھی اور دیگر مختلف اقسام کے حشرات جنم لے رہے ہیں جن کی افزائش سے مختلف بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ ہے ۔متاثرہ علاقوں سمیت دیگر شہریوں نے حکومت اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مکھی ،مچھر اور دیگر کیڑے مکوڑوں سے بچائو کے لئے فوری حفاظتی سپرے کروایا جائے تا کہ علاقہ مکین مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) گیپکو واپڈا ڈویژن وزیرآباد کے زیر اہتمام مقامی میرج ہال میں 13ویں سالانہ میلاد مصطفی تقریب کا انعقاد کیا گیا،2 واپڈا ملازمین کے نام عمرہ کی سعادت کا قرعہ نکل آیا۔ تقریب کی صدارت ایس ڈی او گیپکو سب ڈویژن نظام آباد طارق علی برڑو نے کی تقریب میں ایس ڈی او گیپکو نمبر1چوہدری انیس ہنجرا،ایس ڈی او گکھڑ جاوید احمد،ایس ڈی او احمد نگر لیاقت علی چٹھہ ، محمد ایوب، محمد فرید، بائو ضیا ، رانا محمد شفیق، امجد ادریس، حضر حیات ،عبد المجید اخترکے علاوہ واپڈا ملازمین کی کثیر تعداد موجود تھی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ صالح اور حافظ وقار احمد نے حاصل کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین پیر اجمل رضا قادری رضوی نے کہا کہ آپ عالمین کیلئے رحمت بن کر آئے ۔ دین اسلام انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے ہمیں مذاہب کی تفریق کو بالائے طاق رکھ کر انسانیت کی خدمات میں اپنی زندگیوں کو صرف کرنا چاہیئے۔ دین نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے اور افسوس کا مقام ہے کہ آج ہم دنیاوی آسائشوں میں کھو کردین کیلئے تھوڑا سا بھی وقت نہیں نکال سکتے ۔ اجمل رضا قادری نے کہا کہ دعائوں کی قبولیت کیلئے خلوص کا شامل ہونا ضروری ہوتا ہے دعا کے وقت انسان دربار خداوندی میں حاضر ہوتااور ادب کے تقاضوں کو نظر انداز کرکے مانگی جانے والی دعائیں بے اثر جاتی ہیں۔ اس موقعہ پر حافظ محمد تحسین حسین رضا، محمد اشفاق بٹ،شہباز احمد چیمہ اور دیگرنے نبی پاک ۖ کی شان میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے آخر میں دو خوش نصیبوں لائن مین محمد افضل اور میٹر ریڈر محمد عمران شہزادہ کے نام عمرہ کا قرعہ نکالا گیا۔

Wazirabad News

Wazirabad News