ایف بی آر نے گزشتہ ماہ کے آخری روز 40 ارب کی ریکارڈ وصولیاں کی ہیں

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رواں مالی سال 2014-15 کے پہلے دس ماہ(جولائی تا اپریل) کے دوران مجموعی طور پر 1975 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں جبکہ ایف بی آر کی جانب سے گزشتہ ماہ (اپریل)کے آخری روزچالیس ارب روپے سے بھی زیادہ کی ریکارڈ وصولیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے 30 اپریل کو جاری کردہ 29 اپریل کی شام تک کے دستیاب ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 29 اپریل کی شام تک ایف بی آر نے مجموعی طور پر 1933.89 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں لیکن جمعرات کی رات جب ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ تیس اپریل کی رات تک کے ٹیکس وصولیوں کے اعدادوشمار اگلے چند روز میں سامنے آئیں گے۔

تاہم اب تک ملنے والے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران ایف بی آرکی جانب سے 1975ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی گئی ہیں جو کہ 29 اپریل کی شام تک ایف بی آر کی طرف سے کی جانے والی مجموعی طور پر 1933.89 ارب روپے کی وصولیوں سے 41 ارب روپے زیادہ ہیں جبکہ ایف بی آر کو رواں مالی سال 2014-15 کے لیے 2691 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا نظر ثانی شُدہ ہدف حاصل کرنے کے لیے اگلے دو ماہ میں 716 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کرنا ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ(جولائی تا اپریل)کے دوران کی جانے والی مجموعی طور پر 1975 ارب روپے کی وصولیاں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 13.1 فیصد زیادہ ہیں تاہم مقرر ہدف سے کم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے مقرر کردہ 2691 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا نظر ثانی شُدہ ہدف حاصل نہیں کیا جاسکے گا تاہم ایف بی آر کی کوشش ہے کہ ٹیکس وصولیاں چھبیس سو ارب روپے سے زیادہ رہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعدادوشمار کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی طرف سے رواں ماہ (اپریل) میں اب تک مجموعی طور پر 200 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں ہونے والی ٹیکس وصولیوں میں سے براہ راست ٹیکس (انکم ٹیکس)کی مد میں 763.95 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں مجموعی طور پر 849.23 ارب روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں اب تک مجموعی طور پر 118.49 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں جبکہ ایف بی آر نے کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 237.22 ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں۔