نیویارک (جیوڈیسک) بھارت نے پاکستان میں ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کے معاملے پر سلامتی کونسل سے دخل اندازی کی درخواست کردی ہے۔
اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب اشوکے مکھرجی نے القاعدہ پر پابندیاں لگانے سے متعلق سلامتی کونسل کی خصوصی کمیٹی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ذکی الرحما ن لکھوی کی ضمانت پر رہائی اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ اس لئے اقوام متحدہ پاکستان سے ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی کا معاملہ اٹھائے۔
دوسری جانب دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ دنیا کی تمام حکومتوں القاعدہ پر پابندیاں لگانے سے متعلق قائم سلامتی کونسل کی کمیٹی سے رجوع کرنے کا مکمل حق ہے، کمیٹی القاعدہ سےمنسلک دہشت گردوں کےاثاثہ جات کو منجمد، ان کے لئے اسلحے کی ترسیل اور دہشت گردوں کے سفر پر پابندی لگاسکتی ہے لیکن یہ لازمی نہیں کہ کمیٹی کی پابندیوں کی زد میں آئے افراد کوحراست میں بھی رکھا جائے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ممبئی حملہ کیس میں ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منظور کی تھی تاہم حکومت نے انہیں نظر بند کیا تھا لیکن عدالتی حکم پر انہیں رہا کیا گیا تھا۔