لاہور (05مئی 2015) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جمعیت کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہاکہ طلبہ و طالبات کے لئے امتحانات کی تیاری وبال جان بن چکی ہے۔ جبکہ کمرہ امتحان میں گرمی کی وجہ سے پرچہ حل کرنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ملک بھر میں درجنوں طلبہ و طالبات گرمی سے بے ہوش ہورہے ہیں
لوڈ شیڈنگ کا حل نکالنے کے لئے حکومت فوری طور پر اقدامات کرے۔ بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری اور اس ذمہ داری سے خلاصی ممکن نہیں۔ طلبہ کو تختہ مشق نہ بنایا جائے اور نہ ہی ان کے صبر کا امتحان لایا جائے۔