کروڑ لعل عیسن ( خبر نگار) مرکزی انجمن تاجران کا الیکشن ہر صورت لڑیں گے۔ رانا محمد جمیل کی جانب سے بوگس ووٹوں کے اندراج کے خلاف دی گئی درخواست کی حمایت کرتے ہیں۔ بوگس ووٹوں کا خاتمہ اور جن دکانداروں کے ووٹ درج نہیں کیئے گئے ان کے ووٹ درج ہونے تک الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں۔ دھاندی کی تمام کوششیں ناکام بنا دی جائیں گی۔ یہ بات امیدوار صدارت مرکزی انجمن تاجران طارق محمود پہاڑ نے گزشتہ روز صحافیوں کی جانب سے کیئے گئے سوال کے جواب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ الیکشنوں میں تمام گرپوں سے نمائندہ افراد پر مشتمل غیر جانبدار الیکشن کمیٹی بنائی اور تاجروں کی جانب سے فہرستوں پر اعتراضات خود کمیٹی نے چیک کر کے دور کیئے لیکن افسوس کہ اس بار سابق صدر نے اپنی من مرضی سے اپنے سپورٹروں پر مشتمل الیکشن کمیٹی قائم کی جنہوں نے اپنی وفاداری نبھاتے ہوئے جانبدارانہ فہرستیں تیار کر کے سینکڑوں ووٹوں کا اندراج کیا۔ اور اعتراضات پر کان نہ دھرے بلکہ ہمیں دکانداروں سے لڑوانے کی مضموم سازش کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مرکزی انجمن تاجران کا الیکشن بھر پور طریقے سے لڑنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں لیکن بوگس ووٹوں کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔ اور جن دکانداروں کے ووٹ درج نہیں کیئے گئے ان کے ووٹ درج کروا کر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ دھاندلی کی تمام تر کوششیں ناکام بنا دی جائیں گی۔ اور ہمارے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پراپگنڈا کرنے والوں کا منہ کی کھانی پڑے گی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Crore Lal Esain News
کروڑ لعل عیسن( خبر نگار) الیکشن کمیٹی کی جانب سے بوگس ووٹوں کے اندراج کے ذریعے اپنے امیدواروں کو جتوانے کی کوشش ناکام بنا دیں گے۔ ہم نے ہمیشہ اصول پر کام کیا اور ہمارے دور میں ہونے والے الیکشن میں غیرجانبدار الیکشن کمیٹی اور الیکشن بورڈ بنائے گئے۔ یہ بات مرکزی انجمن تاجران کے سابق صدر ڈاکٹر عالمگیر بودلہ ، چوہدری ذوالفقار علی ، رانا محمد آصف نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیٹی نے جانبداری کر کے دھاندلی کی بنیاد رکھ دی۔ ووٹر لسٹوں میں بوگس ووٹوں کے خاتمے اور دکانداروں کے ووٹوں کے اندراج تک الیکشن ممکن نہیں۔ ہم گزشتہ 2 ہفتوں سے الیکشن کمیٹی سے مطالبہ کرتے آرہے تھے کہ صاف اور شفاف ووٹر لسٹیں بنا کر الیکشن کروایا جائے۔ لیکن افسوس کہ ایسا نہ کیا گیا۔ جس کے باعث کچھ دکانداروں کو کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کروڑ لعل عیسن ( خبر نگار) مرکزی انجمن تاجران کی فہرستوں میں بوگس ووٹوں کے اندراج کے خلاف شہری مقامی عدالت پہنچ گئے۔ حکم امتناعی جاری۔ 11 مئی کیلئے نوٹس، تفصیل کے مطابق غلہ منڈی کروڑ کے آڑھتی رانا محمد جمیل امیدوار صدارت مرکزی انجمن تاجران اور انتظار حسین قریشی امیدوار جنرل سیکریٹری مرکزی انجمن تاجران نے معروف قانون دان رفاقت علی گجر کی وساطت سے سول جج کروڑ کی عدالت میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی کہ مرکزی انجمن تاجران کے سابق صدر حاجی مختیار حسین نے اپنے ووٹروں سپورٹروں پر مشتمل الیکشن کمیٹی بنائی جنہوں نے سینکڑوں کی تعداد میں جعلی اور بوگس ووٹوں کا اندراج کیا۔ جس پر مرکزی انجمن تاجران کے امیدواروں اور دکانداروں نے الیکشن کمیٹی پر ناصرف عدم اعتماد کر دیا تھا بلکہ تحریری طور پر بوگس ووٹوں کی نشاندہی بھی کی گئی تھی لیکن اس کے باوجود جانبدار الیکشن کمیٹی نے اپنے امیدوار کو جتانے کیلئے سینکڑوں بوگس ووٹوں کا اندراج کیا۔ اور تاجروں کی بات پر دھیان نہ دیا اور 24 مئی کیلئے الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا۔ جس کے مطابق درخواست فارم س7 مئی تا 8 کیلئے حاصل کیئے جانے تھے۔ اور 9 تا 11 مئی تک درخواستوں کی وصولی اور 13 مئی کو درخواستوں کی واپسی کا شیڈول جاری کیا گیا تھا لیکن مسلم لیگی رہنما امیدوار برائے صدارت رانا محمد جمیل اور جنرل سیکریٹری کے امیدوار انتظار حسین شاہ قریشی جعلی اور بوگس ووٹوں کے خلاف مقامی سول جج کی عدالت پہنچ گئے جنہوں نے 11 مئی تک الیکشن بورڈ کو تمام کاروائی روک دینے کیلئے حکم امتناعی جاری کر دیا۔