بشام (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی الیکشن صرف انتخابات نہیں بلکہ یہ انقلاب ہوگا جب کہ کوئی ڈیزل کے پرمٹ سے بک رہا ہے تو کوئی جاگ پنجابی جاگ کے نعرے لگاتا ہے۔
بشام میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ یورپ میں کوئی درخواستیں لے کرکسی کے پیچھے نہیں پھرتا، ان کے مسائل ان کے گھر کے دروازے پر حل ہوتے ہیں جب کہ پاکستان میں رائج نظام اشرافیہ کا نظام ہے، جس کی وجہ سے ملک کے خوبصورت علاقوں میں ترقی نہیں ہورہی، خیبر پختونخوا میں 30 مئی کو بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں، یہ انتخابات نہیں بلکہ انقلاب ہوگا،عوام کے فنڈ عوامی نمائندوں کے پاس آئیں گے اور رکن قومی و صوبائی اسمبلی کا کام صرف قانون سازی ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ کوئی اسلام بیچ رہا ہے اور خود ڈیزل کے پرمٹ سے بک رہا ہے، کوئی پختونوں کا نمائندہ ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے، کوئی جاگ پنجابی جاگ کے نعرے لگاتا ہے تو کوئی لندن میں بیٹھ کر تقریروں میں رونے اور گانا گانے لگتا ہے لیکن کوئی عوام کے حقوق کے بارے میں نہیں بتاتا، وہ لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں لوگ اہل لوگوں کو منتخب کرائیں۔
اس سے قبل کوہستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا، ہمیں تعلیم پر خاص توجہ دینی چاہئے، تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے ، انہوں نے دھاندلی کے خلاف آواز اٹھائی اور ہمت نہیں ہاری، یہی وجہ ہے کہ این اے 125 کا فیصلہ ان کے حق میں آیا۔ ابھی انہیں مزید فرعونوں سے مقابلے کرنے ہیں، کراچی میں بھی ایک فرعون ہے۔ 2015 انتخابات کا سال ہے جس سے بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔