بدین (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا رات گئے اپنے آبائی علاقے بدین پہنچ گئیں۔
جہاں پولیس کی جانب سے مرزا فارم ہاؤس کے گھیراؤ پر وہ سیخ پا ہو گئیں۔ انہوں نے فارم ہاؤس کے اطراف سے پولیس کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اہلکاروں سے کہا کہ انہیں سیکورٹی نہیں چاہیے۔ فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا وہ کراچی سے اکیلی بدین پہنچی ہیں انہیں کوئی سیکورٹی نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کو سرینڈر کرنے کو کہا جا رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ کس کے دباؤ پر ایس ایس پی نے چوتھی ایف آئی آر درج کی؟ فہمیدہ مرزا نے حکومت اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے معاملے پر از خود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔