چارسدہ (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہزادوں کی نہیں فلاحی اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کا ہنی مون کا وقت ختم ہوگیا ، اب حساب کتاب ہو گا۔
بجلی ،گیس اور روزگار کا مسئلہ کیا ’’ میاں صاحب ‘‘ قیامت میں حل کریں گے۔چار سدہ کی تحصیل شب قدر میں جلسے سے خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لئے ہمیشہ غریب نے خون دیا ہے۔ملک میں مزدور راج ہوگا تو مزدور ترقی کرے گا۔
شہزادوں کی نہیں فلاحی اسلامی ریاست قائم کرنا چاہتے ہیں، حکومت کے دو سال ہونے کو ہیں، ہنی مون کے دن ختم ہوگئے، اب حساب کتاب ہوگا، تمہاری شکلیں دیکھ دیکھ کر لوگ تھک چکے ہیں۔ کوئی معاشی ترقی نہیں ہوئی۔ چند لوگ ہیں کبھی ایک پارٹی میں کبھی دوسری پارٹی میں، ان کے وارے نیارے ہیں۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت کو بجلی اور گیس سمیت دیگر عوامی مسائل حل کرنا ہوں گے۔
بجلی اور گیس کا مسئلہ کیا میاں صاحب قیامت میں حل کریں گے۔ میاں صاحب قیامت میں تو حساب دینا ہوگا، جب سے ملک بنا ہے کبھی پیپلز پارٹی کی حکومت کبھی مسلم لیگ ن کی حکومت۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے انتخابات میں جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو سرکاری سطح پر پانچ بیماریوں کا مفت علاج کریں گے۔ 30 ہزار روپے سے کم آمدنی والے خاندانوں کو آٹا، دالیں اور چینی سمیت پانچ چیزوں پر سبسڈی دیں گے۔