کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا کو آصف زرداری پر تنقید سے کچھ نہیں ملے گا وہ خود بے نام ہوجائیں گے جب کہ پارٹی رہنماؤں کو ان پر بے پناہ غصہ ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت پیپلزپارٹی سندھ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں ملکی و صوبے کے حالات سمیت بلدیاتی انتخابات پر غور کیا گیا جب کہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پارٹی اجلاس میں فریال تالپور اور آصف زرداری کی بھرپور حمایت کی گئی۔
جب کہ ذوالفقار مرزا کی جانب سے آصف زرداری پر غصہ کوئی نئی بات نہیں، انہیں دراصل اپنی تنہائی پر غصہ ہے، ذوالفقار مرزا کو تنقید سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا وہ خود بے نام ہوجائیں گے کیونکہ آمریت کے منتظر عناصر بے نظیر بھٹو پر بھی تنقید کرتے رہے اور پارٹی قیادت پر الزام لگانے والے خود بے نام ہوگئے۔
قائم علی شاہ نے کہا کہ پارٹی رہنما ذوالفقار مرزا سے سخت نالاں ہیں، انہوں نے پولیس افسران کو دھمکیاں دیں جو غیر قانونی ہے جب کہ اب انہیں عدالت یاد آرہی ہے جو دھمکیوں کےوقت نہیں آئی، دھمکیاں دینے کے بعد قانون کا سامنا کرنے کو بھی تیار رہنا چاہئے کیونکہ قانون کو نظر انداز کیا جائے گا تو وہ حرکت میں آئے گا۔