اسلام آباد (جیوڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک اہم بیان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 پر عمران خان کی پری سکین رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعت نے نادرا کی پری سکین رپورٹ کوغلط انداز میں پیش کیا۔
نادرا کے ترجمان نے پری سکین رپورٹ پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 کے 50 پولنگ سٹیشنوں کے بیلٹ پیپرز متعلقہ تھیلوں میں نہ ہونے کی میڈیا اطلاعات غلط ہیں جبکہ 30 پولنگ سٹیشنوں میں دُہرے سیریل نمبرز کی نشاندہی نہیں کی گئی۔
ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ پری سکین رپورٹ میں کسی ایک جگہ بھی دُہرے سیریل نمبر کا ذکر نہیں ہے۔ رپورٹ میں ایک بھی بیلٹ پیپر ایسا نہیں ملا جسے الیکشن کمیشن نے جاری نہ کیا ہو. این اے 122 میں جعلی بیلٹ پیپرز کا تاثر سراسر غلط ہے. تاہم انتخابی فہرستوں کے اجراء میں معمولی غلطیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔