کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مختلف 3 مقدمات میں ذوالفقارمرزا کی ضمانت قبل از گرفتاری 19 مئی تک منظورکرلی۔ سابق صوبائی وزیرداخلہ کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔
اس موقع پر ان کے وکلا نے تینوں مقمامت میں عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا کی جسے عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض 19 مئی تک ان کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظورکرلی۔
دوسری جانب پیشی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہو ئے ذوالفقارمرزا کا کہنا تھا کہ سیاست میں ہربات آخری نہیں ہوتی ہے، سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات اب ایک دوسرے کے جنازے پرہی ہوگی۔
واضح رہے کہ ذوالفقارمرزا پر قائم مقدمات میں ان کی ضمانت قبل ازگرفتاری رات 12 بجے ختم ہوگئی تھی تاہم ان کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کےتحت 3 مقدمات درج تھے جس میں انہیں ضمانت حاصل ہوگئی۔