نیو یارک (جیوڈیسک) امریکی شہر نیویارک میں نیوکلیئر پلانٹ کے ٹرانسفارمر میں آگ لگنے کے باعث پلانٹ بند ہو گیا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق حادثہ نیویارک شہر کے شمال میں 38میل دور بوچھنن قصبے میں واقع انڈین نیوکلیئر پلانٹ میں پیش آیا۔
پلانٹ کے ٹرانسفر میں اچانک آگ لگی، جس کے بعد دھماکوں کے ساتھ آگ کے شعلے اور دھواں فضا میں دور دور تک بلند ہونے لگا۔ نیوکلیئر پلانٹ چلانے والی کمپنی کے ترجمان کے مطابق ٹرانسفر فیل ہونے کے باعث پلانٹ کے تینوں یونٹ بند ہوگئے ہیں۔
حادثے میں ری ایکٹر اور پلانٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کمپنی کے ملازمین اور دیگر لوگوں کو کوئی خطرہ ہے۔ نیویارک پولیس کے مطابق ریسکیو ٹیمیں حادثے کی جگہ پہنچ گئی ہیں۔