سائبان سٹیزن کیمونٹی بورڈ کا لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2001ء کو بحالی کے لئے عوامی تحریک چلانے کا اعلان

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائبان سٹیزن کیمونٹی بورڈنے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2001ء کی بحالی کے لئے عوامی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ اس نظام کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں ترقی اور علاقائی سطح پر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا گیا اور شہر اور دیہات ترقی کی جانب گامزن ہوئے مگر جمہوریت کے دعویدار وفاقی اور صوبائی حکمرانوں نے جمہوریت کی نرسری پر شب خون مار کرکے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو ختم کرکے تمام تر بلدیاتی اختیار سلب کرلئے۔

جس کی وجہ سے گزشتہ 7سالوں کے دوران ترقی کی جانب گامزن شہری اور دیہی علاقے کھنڈرات بنتے جارہے ہیں عوام بلدیاتی مسائل سے دو چار ہیں شہر اور دیہات میں پانی ،بجلی ،سیوریج سسٹم اور صفائی وستھرائی کے حوالے سے عوام شدید اضطراب میں مبتلا ہیں ان خیالات کا اظہار سائبان سٹیزن کیمونٹی بورڈکے چیئر مین عالم علی نے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2001ء کے تحت منتخب سابقہ ناظمین ،کونسلرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2001ء کے فوری بحالی ،شہر کراچی کو بلدیاتی نظام میں 26ٹائونز اور کمشنری نظام کا خاتمہ اور بلدیاتی اداروں کو یونین کونسل سطح پر فعال اور بلدیاتی اداروں کو مکمل خود مختاری دیا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سائبان سٹیزن کیمونٹی بورڈکے چیئر مین عالم علی نے کہاکہ ہمارا منشور عوامی بنیادی ضروریات اور حکومت کی آئینی ذمہ داری تعلیم ،صحت،صاف پانی اور صفائی جیسے مسائل کو شہری حکموتوں کے ساتھ پارٹنر شپ کے ذریعے حل کرنا ہے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2001ء میں اس کی ضرورت پر خاص طور پر زور دیا گیا تھامگر حکمرانوں کی عدم توجہی کی وجہ سے اس پر عمل ممکن نہیں ہوسکا انہوں نے کہاکہ سندھ کے حکمراں عوام کو اقتدار میں شراکت سے گریزاں ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے گزشتہ سات سالوں سے راہ فرار اختیار کئے ہوئے ہیں اور آئے دن اپنے بنا ئے گئے سابقہ بلدیاتی نظام لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 1979ء میں روزانہ ترمیم کے زریعے بلدیاتی نظام کو اپنے گرفت میں کرکے لوٹ مار اور کرپشن کے سلسلے کو جاری رکھنا چاہتے ہیں اجلاس میں شہر کے بلدیاتی مسائل پر غور کیا گیا اور اس موقع پر شرکاء اجلاس نے کہاکہ شہر میں برساتی نالوں کی عدم صفائی کی وجہ سے دوران برسات شہر کا نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر اور سانحات پیش آسکتے ہیں بہت افسوس کا مقام ہے کہ عوامی حکمرانی کا دعویٰ کرنے والے حکمرانوں کے دور میں شہر کے عوام پانی جیسی بنیادی ضروریات کے حوالے سے شدید مسائل کا شکار ہیں۔

شہر میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور میٹرو پولیٹن سٹی کراچی کے عوام کے لئے بنیادی سہولیات ناپید ہیں سائبان سٹیزن کیمونٹی بورڈ کے چیئر مین عالم علی سندھ کے حکمرانوں سے سوال کیا ہے کہ جمہویت کے دعویدار حکمران جمہوریت کی نرسری بلدیاتی اداروں کو قوت بخشنے سے خوفزدہ کیوں ہیں۔