کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی ہدایت پر شاہ فیصل زون میں گرین بیلٹس پر قائم میرج لانز کے خاتمے کے بعد گرین بیلٹس کی تعمیر و ترقی اور تزین و آرائش کے حوالے سے کاموں کا آغاز کردیا گیا۔۔
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ گرین بیلٹس پر جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کہاکہ قدرتی ماحول کو آلودگی سے بچا نے اور صحت مند ماحول کے قیام کے لئے عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی میں سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،ڈائریکٹر پارکس جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز شاہ فیصل زون اسلم پرویز بھی موجود تھے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہاکہ گرین بیلٹس ،فیملی پارکس اور کھیل کے میدانوں کو سرسبز بنا نے کے لئے تمام تر وسائل اور کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے انہوں نے کہاکہ ضلع کورنگی میں عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
صفائی وستھرائی کے نظام میں بہتری اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لئے محکمے عوامی تعاون کے ذریعے اقدامات کریں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے ضلع کورنگی کی عوام سے اپیل کی کہ ضلع میں صحت مند ماحول کے قیام کے لئے بلدیہ کورنگی سے تعاون کریں ۔شاہ فیصل زون میں گرین بیلٹس سے میرج لانز کے خاتمے کے بعد بیلٹس سے مسمار کئے گئے ملبے کو اُٹھانے کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے محکمہ پارکس کو ہدایت کی کہ گرین بیلٹس کی تعمیر و ترقی اور تزین و آرائش کے حوالے سے کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر انجام دے کے سرسبز گرین بیلٹس کی تعمیر یقینی بنا ئی جائے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن نے متعلقہ محکموں کے ہدایت کی کہ گرین بیلٹس اور فیملی پارکوں میں صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات کو بہتر بنا یا جائے اور گرین بیلٹس اور پارکس میں مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے کیا جائے۔