ملتان (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انٹیلی جنس کے ذریعے ہمیں پتہ چلا ہے کہ میرا اور سلمان تاثیر کا بیٹا افغانستان میں ہے۔
میں افغانستان میں پیپلز پارٹی کی جانب سے نئی حکومت کو مبارکباد دینے گیا تھا تاہم اپنے بیٹی کی بازیابی کے لیے بھی بات کی ہے جس پر افغان حکومت نے ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کا یقین کروایا ہے۔
ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ رفیق رجوانہ کو خود فون کرکے مبارکباد دی ہے اور ان سے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی عوام کو آپ سے بہت توقعات ہیں کہ آپ جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کر کے عوام کو ریلیف دیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ میرے دور میں شروع کیے گئے منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے نواز شریف سے بات ہوئی ہے جنہوں نے یقین دلایا ہے کہ فنڈز جاری کرکے مکمل کیا جائے گا۔
اگر یہ منصوبے مکمل ہوجاتے ہیں تو نئے منصوبوں کی ضرورت نہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پہلے ہی کہا تھا کہ عام انتخاب آر اوز کے الیکشن ہیں، جن پارٹیوں نے بھی نتائج قبول کیے ہیں احتجاجاً قبول کیے ہیں ، جب کمیشن کا فیصلہ آجائے گا تو پاکستان پیپلز پارٹی آگے کا لائحہ عمل تیار کرے گی۔ ذوالفقار مرزا کا معاملہ عدالت میں ہے تاہم فہمیدہ مرزا ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔
ہم نے سپیکر سے کہا ہے کہ انہیں جتنی سیکورٹی فراہم کی جاسکتی ہے فراہم کی جائے۔ سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حلقہ پی پی ایک سو چھیانوے میں کارکنوں کی مرضی سے ٹکٹ دیا ہے اور بلدیاتی انتخابات میں بھی کارکنوں کی رائے لی جائے گی، آئندہ بجٹ میں حکومت عوام کو ریلیف دے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے سانحہ نلتر پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔