نارووال (جیوڈیسک) ارود افغان کی رہائشی 2 سہیلیاں پر اسرار طور پر کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی ہیں جب کہ پولیس نے ابتدائی طور پر ان کی موت کی وجہ خودکشی قرار دی ہے۔
نارووال کے گاؤں ارود افغان کی رہائشی تنزیلا اور صبا بچپن سے ہی سہیلیاں تھیں دونوں نے تعلیمی سفر بھی ایک ساتھ ہی جاری رکھا ہوا تھا۔ گزشتہ روز تنزیلا اپنی سہیلی صبا کے گھر آئی اوراس نے صبا کے کمرے میں قیام کیا تاہم گھر والے صبح کے وقت اس کے کمرے میں گئے تو دونوں مردہ حالت میں پائی گئیں۔
پولیس نے دونوں لڑکیوں کی لاشیں قبضے میں لے کرڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ ڈی ایس پی نارووال عرفان الحق کا کہنا ہے کہ دونوں کے جسم پر تشدد کے نشان نہیں جس سے ابتدائی طور پر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انہوں نے خودکشی کی ہے۔
اس کے علاوہ دونوں کے بازوؤں پر ایک ہی قبرستان میں تدفین کی خواہش تحریر ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں واقعے کے محرکات جاننے کے لئے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔