اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ نلتر حادثے نے پوری قوم کو افسردہ کردیا اور پاکستان اپنے مخلص دوستوں سے محروم ہوگیا جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے سفارت کاروں کو’’ستارہ پاکستان‘‘ دینے کا بھی اعلان کیا۔
سانحہ نلتر کی یاد میں اسلام آباد میں تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ نلتر حادثے نے پوری قوم کو افسردہ کردیا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے فلپائن اورناروے کے سفیروں کی بیواؤں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جب کہ ملائیشیا اورہالینڈ کے سفیراوران کی اہلیہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دل غم زدہ خاندانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں جب کہ پاک فوج کے پائلٹس نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے سفارت کاروں کی جانیں بچائیں جن کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم نے سانحہ نلتر میں جاں بحق ہونے والے ناروے اور فلپائن کے سفارت کاروں کو “ستارہ پاکستان” دینے کا بھی اعلان کیا جب کہ تعزیتی ریفرنس میں حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی اس سے قبل تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ سانحہ نلتر میں ہم سے ہمارے بہترین دوست جدا ہوگئے۔