نئی دلی (جیوڈیسک) پاک بھارت سیریز کی راہ ہموار ہوئی تو ایک مرتبہ پھر ہندو انتہا پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے شور شرابہ شروع کردیا اور پاکستان پر روایتی الزامات لگاتے ہوئے دسمبر میں ہونے والی سیریز کی مخالفت کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا کے اجلاس کے دوران حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان نے پاک بھارت سیریز کی سختی سے مخالفت کی جب کہ سابق سیکرٹری داخلہ اور بہار سے رکن اسمبلی آر کے سنگھ نے معاملے کو اٹھاتے ہوئے پاکستان کے خلاف خوب زہر اگلا اور حکومت سے درخواست کی کہ پاک بھارت سیریز کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ ہندو انتہا پسند جماعت سے تعلق رکھنے والے لوک سبھا کے رکن کو اور کچھ نہ ملا تو ممبئی حملوں کے حوالے سے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے رہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت کے شہر کولکتہ میں چیرمین پی سی بی شہریا ر خان اور انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر جگ موہن ڈالمیا کے درمیان سیریز کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے مطابق رواں سال دسمبر میں ہونے والی سیریز 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل ہوگی۔