کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے تحت وائی ایم سی اے گرائونڈ پر قبضے کے خلاف 17 مئی سے کراچی پریس کلب پر تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی چیئر مین نعیم کھو کھر نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ وائی ایم سی اے گرائونڈ کراچی پر قبضے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے مسیحی عوام کے مذہبی جذبات مجروح کرنے والوں کے خلاف کاروائی کریں تاکہ لاکھوں مسیحوں میں پھیلی ہوئی بے چینی کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے چیئر مین نعیم کھو کھر نے وائی ایم سی اے گرائونڈ پر قبضے کے خلاف احتجاجی لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں مقصود جوزف ،اقبال شاہد ،پطرس چوہدری ،سیف بخش ،پرویز بھٹی ،ہارون بھٹی ،یونس گل ،ارشد کھو کھر اور دیگر نے شرکت کی ۔نعیم کھو کھر نے مزید کہاکہ وائی ایم سی اے پر قبضے اور وہاں مسیحی عوام کے مذہبی جذبات مجروح کئے جانے کے حوالے سے ہم نے ہر سطح پر اعلیٰ حکام و منتخب نمائندوں کو آگاہ کیا مگر اس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا حتیٰ کہ گورنر سندھ اور کمشنر کراچی کی جانب سے کی جانے والی کاوشیں بھی دم توڑ چکی ہیں جس پر ہم مسیحی عوام کے بھر پور دبائو کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وائی ایم سی اے گرائونڈ کراچی پر قبضے کے خلاف 17مئی 2015ء سے تادم مرگ بھوک ہڑتال کراچی پریس کلب پر کرینگے ہمارا یہ بھوک ہڑتالی احتجاج وائی ایم سی اے گرائونڈ کراچی سے قبضے کے خاتمے تک جاری رہے گا۔