افغانستان سے درآمدہ 33 اشیا کی ویلیوایشن بڑھانے کی تجویز

Valuation

Valuation

کراچی (جیوڈیسک) افغانستان سے پاکستان کے لیے درآمد ہونے والے تازہ پھلوں، ڈرائی فروٹ، سبزیوں،جڑی بوٹیوں، گائے اور بھینسوں کی کھالوں سمیت 33 اشیا کی درآمدہ ویلیوایشن کی شرح میں 30 فیصد اضافے کی تجویز پیش کردی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ تجویز ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پشاور کی جانب سے پیش کی گئی ہے تاہم خیبر پختونخوا چیمبرآف کامرس، فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس گروپ اور افغانستان کے ساتھ تجارت سے وابستہ کاروباریوں نے افغانستان سے درآمد ہونے والی مذکورہ اشیا کی ویلیو ایشن 30 فیصد بڑھانے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افغان باہمی تجارت کو فروغ دینے کے تناظر میں ان اشیا کی ویلیوایشن کی شرح میں 10 تا 15 فیصد کا اضافہ کیا جائے۔

پاک افغان تجارت کے حوالے سے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز طورخم ڈاکٹر فرید کی صدارت میں لوکل ویلیو ایشن کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا کہ لوکل ویلیو ایشن کمیٹی نے افغانستان سے پاکستان کے لیے درآمد ہونے والے تازہ پھلوں، ڈرائی فروٹ، تازہ سبزیاں، جڑی بوٹیاں، گائے اور بھینسوں کی کھالوں سمیت دیگر اشیا کی ویلیوایشن کی شرح میں ہر سال 10 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی لیکن گزشتہ تین سال سے ویلیوایشن کی شرح میں کسی قسم کا کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

لہٰذا رواں سال ان اشیا کی ویلیو ایشن کی شرح میں یکدم 30فیصد اضافہ کیا جائے گا لیکن دوران اجلاس تاجربرادری کے نمائندوں کی جانب سے لوکل ویلیو ایشن کمیٹی کی مذکورہ تجویز سے عدم اتفاق کیا گیا اور کہا گیا کہ یک جنبش قلم ویلیوایشن کی شرح میں30فیصد اضافے سے دونوں ممالک میں قانونی تجارت کی راہ میں رکاوٹیں پیدا ہوں گی اوران اشیا کی ملک میں اسمگلنگ کو فروغ حاصل ہوگا۔ تاجربرادری کے نمائندوں نے مذکورہ اشیا کی ویلیو ایشن میں30 فیصد کی بجائے 10سے 15 فیصد بڑھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ لوکل ویلیو ایشن کمیٹی میں کسٹمز کے اعلیٰ اور سینئر افسران شامل کیے جائیں جن کے پاس اشیا کی ویلیوکے تعین کا مکمل اختیارہو۔

اجلاس میں فرنٹیئرکسٹمز ایجنٹس گروپ کے چیئرمین اور پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے ڈائریکٹر ضیاء الحق سرحدی، خیبر پختونخوا چیمبر سے فیض محمد فیضی، ممبر ویلیو ایشن کمیٹی خالد شہزاد، ڈپٹی کلکٹر کوہاٹ ڈاکٹر جنید محمود، اسسٹنٹ کلکٹر طورخم اسٹیشن عمیر محمودودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پرفرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس گروپ کے چیئرمین ضیاء الحق سرحدی اور دیگر نے ممبران نے یقین ظاہر کیا کہ لوکل ویلیو ایشن کمیٹی بزنس کمیٹی کی اس تجویز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی اور پاکستان اور افغانستان کی باہمی تجارت میں درپیش مشکلات کو حل کرنے کیلیے اپنا کردار ادا کرے گی۔