کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں بس پر فائرنگ کے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں بس پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے غم و غصے کا اظہار بھی کیاجب کہ انہوں نے وزارت داخلہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی غلام حیدر جمالی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ اور اور ڈی ایس پی کو معطل کردیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی میں بس پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے غیرانسانی فعل قرار دیتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
افسوسناک واقعے پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے مذمتی بیانات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور سابق صدر آصف علی زرداری نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری کارروائی کرکے دہشت گردوں کو گرفتار کرے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ امن وامان سے متعلق صوبائی حکومت کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے،واقعے کی تحقیقات کر کے ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔