کراچی (جیوڈیسک) گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں گورنر ڈاکٹرعشرت العباد، وزیر اعلٰی قائم علی شاہ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی رینجرز، چیف سیکرٹری سندھ اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں شہر قائد میں امن وامان کی صورتحال اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں کے فقدان کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس کے پاس دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جدید آلات اور سہولیات نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا وفاق اور فوج دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مدد فراہم کرے۔ فالواپ اجلاس میں دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کے لئے کراچی آپریشن میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔