اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ بدامنی پھیلا رہی ہے اور اس حوالے سے بھارت کو بارہا آگاہ بھی کر چکے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ بدامنی پھیلا رہی ہے، اس حوالے سے بھارت کو بارہا آگاہ بھی کر چکے ہیں، کراچی میں دو ملزمان نے ‘را’ سے تربیت لینے کا اعتراف کیا۔
پاکستان نے افغانستان سے کہا ہے کہ وہ ’’را‘‘ کواپنی زمین استعمال نہ کرنے دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 15سال سے دہشت گردی کے خلاف لڑ رہا ہے اور یہ جنگ اب بھی جاری ہے۔ پاکستانی قوم اور قیادت میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے اتفاق رائے ہے، دہشت گردوں کے کچھ گروہ باقی ہیں، انہی گروہوں نے کراچی میں بھی کارروائی کی، ایسی ہی کارروائی کچھ عرصہ قبل پشاور میں بھی کی گئی تھی۔ کراچی واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے، اگر اس میں کوئی غیر ملکی ہاتھ ملوث نکلا تو ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔
اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ریاست اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کے اصولوں پر کاربند ہے، جواپنی ایٹمی صلاحیت پرامن مقاصد کے لئے استعمال کر رہا ہے۔ ایٹمی شعبے میں جدید تحقیق کے فوائد عوام تک پہنچائیں گے۔