لاہور (جیوڈیسک) پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کا آغاز وقفہ سوالات سے ہوا۔ صحت کے پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب پر اپوزیشن نے بات کرنا چاہی جس کی اجازت نہ ملنے پر پانچ منٹ کے لئے واک آوٹ کر دیا۔
اپوزیشن اراکین کی واپسی پر دوبارہ کارروائی کا سلسلہ شروع ہو گیا جس دوران ایوان نے سانحہ کراچی پر مذمتی اور سانحہ نلتر پر افسوس کی قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لیں۔
کارروائی کے دوران فاطمہ جناح یونیورسٹی اور جھنگ یونیورسٹی کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک کے حوالے سے رپورٹس بھی ایوان میں پیش کی گئیں جس کے بعد اجلاس پیر کی دوپہر دوبجے تک ملتوی کر دیا گیا۔