میرپور( نامہ نگار ) بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں سندھ کے تاریخی شہر عمر کوٹ کے نزدیک سامارو میں راجونی اتحاد کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے خاصخیلی اتحاد کے سربراہ غلام مصطفی خاصخیلی ‘ مارواڑی اتحاد کے رہنما اقبال ٹائیگر ‘گجراتی قومی موومنٹ کے رہنما یونس سایانی ‘ سولنگی اتحاد کے رہنما سردار خادم حسین سولنگی’ پاک اسماعیلی جماعت کے رہنما حاجی امیر علی خواجہ اور روشن پاکستان پارٹی کے چیئرمین امیر علی پٹی والا سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان و رہنماؤں نے کہا کہ حکمرانوں کی منافقت ‘ مفاد پرستی ‘ نااہلی اور ہوس زرواقتدار کے باعث حقوق غربت ‘ بیروزگاری ‘ مہنگائی ‘ تعلیم ‘علاج و طبی سہولیات سے محروم پانی’ بجلی و گیس بحران کا شکار’ وڈیروں اور لٹیروں کے مظالم و زیادتیوں کاشکار ‘ حق انصاف سے محروم سندھ کے مظلوم عوام جو حکومتی نا اہلی کے باعث اب دہشتگردوں کا آسان شکار بھی بن رہے ہیں
‘سندھ کی روایتی سیاسی جماعتوں اور روایتی سیاستدانوں کو بار ہا آزمانے کے بعد اب ان سے مایوس و بیزار ہوچکے ہیں اور آج راجونی اتحاد کے اس جلسہ عام میں مظلوم قومیتوں اور برادریوں کے لاکھوں افراد کا یہ سمندر اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ان ظالم حکمرانوں اور ان کے جابر آقاؤں کے احتساب کیلئے متحدہوچکے ہیںاور انشاء اللہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں عوام ان روایتی سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو مسترد کرکے راجونی اتحاد پر اپنے بھرپور اعتماد کے ذریعے اپنے ان حقیقی نمائندوں کو ایوان میں بھیجیں گے
جو ان کے اپنے ہیں اور ان تمام مسائل کی آگہی رکھتے اور انہیں جھیلتے ہیں جن سے ایک عام آدمی دوچار ہے کیونکہ اب عوام کے پاس اپنی بقا اور اپنی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ رکھنے کا یہی واحد راستہ ہے کہ وہ متحد و یکجا ہوکر ووٹ کی طاقت سے ان ظالموں کا مقابلہ کریں اور اپنے اندر سے دیانتدار قیادت کو سامنے لاکر اپنے ووٹ و اعتماد کے ذریعے اس قیادت کو ایوان اقتدار تک پہنچائیں اور سندھ کے مظلوم مگر غیوروباشعور عوام اس بات سے پوری طرح با خبر و آگاہ ہوچکے ہیں۔