کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا ہے کہ ضلع میں صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو بلدیاتی مسائل سے پاک بنائیں گے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ کوڑا کرکٹ اور بلڈنگ میٹریل شاہراہوں اور گلیوں میں پھیلانے ،وال چاکنگ اور تجاوزات کے خاتمے کی روک تھام اور پولتھن بیگز کا کم سے کم استعمال یقینی بنانے کے لئے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز رفیق شیخ کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بلدیہ کورنگی کی جانب سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے محکمہ صفائی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر صفائی وستھرائی کے عمل کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنا یا جائے خصوصاً درسگاہوںاور عبادت گاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کی بہتری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتظامات کے حوالے سے تمام علاقوں میں جاری انتظامات کو مکمل نگرانی میں انجام دیا جائے۔
عوام کو درپیش علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جائے دورے کے موقع پر ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں میں شاہراہوں پر قائم تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے کے حوالے سے احکامات دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہاکہ عوامی سہولت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ یقینی بنا نے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے۔