لاہور : جمعیت علما اہل حدیث پاکستان کے چیرمین قاضی عبدالقدیر خاموش نے کراچی میں اسمٰعیلی برادری پر حملے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے امن دشمن قوتوں کی کارروائی قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک دشمن تو پاکستان کو دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے نام پر عدم استحکام سے دوچار کر ہی رہے ہیں۔ مگر قوم سوال پوچھتی ہے کہ قومی سلامتی کے ذمہ دار ادارے کیا کر رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ خفیہ ایجنسیوں کے درمیان مضبوط نیٹ ورک کی ضرورت ہے جبکہ دہشت گرد وں میں خوف پیدا کرنے کے لئے فوری سماعت کی عدالتوں کو فعال بنایا جائے۔ جس پر حکومت نے دعوے تو بڑے کئے مگر عملی طور پر کچھ نظر نہیں آ رہا۔ ظالموں کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر مظلوموں کو عدل و انصاف کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔