لاہور (جیوڈیسک) شکیل شیخ کی طرف سے لیجنڈ کرکٹر ماجد خان کے لئے نازیبا الفاظ کے استعمال پر کرکٹ حلقوں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
سابق کپتان جاوید میانداد نے کہاکہ زندگی میں کبھی انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے والے شخص کی جانب سے سابق عظیم کھلاڑی کیخلاف اس نوعیت کی زبان استعمال کیے جانے پر دکھ ہوا، بی سی بی کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم نواز شریف کو اس حرکت کا نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کرنی چاہیے۔
یاد رہے کہ بی سی بی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور اسلام آباد ریجن کے صدر نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کئی بار سابق کپتان کو ’’ڈفر‘‘ کہہ کر پکارا تھا، ماجد خان نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک باوقار اور پڑھے لکھے کرکٹرکے طور پر پہچان رکھتے ہیں۔
انھوں نے 20سال تک کھیل کے میدانوں میں ملک کی خدمت کرتے ہوئے کئی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا، شکیل شیخ کی جانب سے نازیبا الفاظ پر کئی سابق کرکٹرز نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ،سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے غم و غصہ ظاہر کیا گیا۔