اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام فنڈ کے لیے مزید رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔
اس فنڈ کے ذریعے غریب طبقے کی مدد کی جاتی ہے، آئندہ بجٹ میں بی آئی ایس پی کے فنڈز میں نمایاں اضافہ کیا جارہا ہے، حکومت برطانوی امدادی اداروں کے تعاون کا خیر مقدم کرتی ہے۔
وہ ہفتہ کو یہاں پاک چائنہ انویسٹمنٹ کمپنی اور ڈی ایف آئی ڈی (ڈیفڈ) کے کنٹری ہیڈ رچرڈ منٹگمری سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ ملاقاتوں میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے مزید فنڈز کے اجرا اور پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔
برطانیہ کے ادارے ڈی ایف آئی ڈی کے کنٹری ہیڈ نے ملاقات کے دوران یقین دلایا کہ برطانیہ پاکستان میں سماجی شعبے کی ترقی کے لیے مزید امداد فراہم کرے گا۔