کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی فلم عبداللہ کو رواں برس فرانس کے عالمی شہرت یافتہ کانز فلمی میلے میں نمائش کے لئے پیش کی گئی ملک کی واحد فیچر فلم کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔
فلم عبداللہ کی کہانی 2011 کو کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں پیش آنے والے ایک واقعے کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب 5 غیر ملکیوں کو دہشت گرد قرار دے کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ فلم میں پاکستانی اداکار عمران عباس، ساجد حسن، سعدیہ خان، اور حمید شیخ اہم کردار ادا کررہے ہیں، فلم کی کہانی ہاشم ندیم نے تحریر کی ہے اور اس کی ہدایت کاری اور پروڈکشن کی ذمہ داریاں بھی انہوں نے ہی نبھائی ہیں۔
فلم میں اس واقعے پر بین الاقوامی برادری کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے انتہائی خوبصورتی سے جواب دیئے گئے ہیں۔ عبداللہ آئندہ ماہ ملک بھر میں ریلیز کی جارہی ہے اس کے علاوہ یہ پاکستان کی واحد فلم ہے جس کی نمائش رواں برس فرانس مین ہونے والے سالانہ کانز فلم فیسٹیول میں بھی کی جارہی ہے۔