لاہور (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال کہتے ہیں کہ ملک میں موجود کچھ عناصر پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔
لاہور میں قبل ازبجٹ سیمینار سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان ابھرتی معشیتوں کی صف میں شمار ہوگا اور اس میں تمام صوبوں کو شامل کیاجائے گا۔ پاکستان کے دشمن خصوصاً بھارت اقتصادی راہداری منصوبے پر بلاجواز شورمچا رہا ہے اور یہ بدقسمتی ہے کہ ملک میں موجود کچھ عناصر بھی بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔ درحقیقت اس کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اگر روٹ میں کوئی تبدیلی ثابت ہوجائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔
سیمینار سے خطاب کے دوران احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کوئی ایک جماعت یا ادارہ قوم کو درپیش مشکلات حل نہیں کرسکتا۔ داخلی استحکام اور امن وامان کی بہتر صورتحال ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لئے بنیادی شرط ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان تذویراتی اشتراک عمل سے بیرونی دنیا میں ملک کا تشخص بہتر ہوا ہے۔