راولپنڈی (جیوڈیسک) عدالت نے غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کیس میں ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع کردی۔
راولپنڈی کی بینکنگ کورٹ کے جج صابر سلطان نے ایان علی کی خلاف غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ کسٹم حکام کی جانب سے مقدمے کا مکمل چالان پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کسٹم کی تفتیشی ٹیم کی کارروائی پولیس سے بھی زیادہ سست ہے، جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ چالان جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اسی دوران ایان علی کی جانب سے ضمانت کی درخواست بھی دائر کی گئی۔
عدالت نے ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر بھی فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے، کیس کی مزید سماعت 25 مئی کو ہوگی۔