یمن میں 5 روزہ جنگ بندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ بمباری

Bombing

Bombing

عدن (جیوڈیسک) یمن میں پانچ روزہ جنگ بندی اتوار کی رات ختم ہونے کے بعد سعودی عرب اور اتحادی افواج نے حوثی باغیوں کے ٹھکانے پر دوبارہ بمباری شروع کردی۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی اتحادی افواج کی جانب سے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد ایک مرتبہ پھر حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری شروع کردی جب کہ تازہ کارروائی ال اریش اور ال سولابان میں کی گئی جہاں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جب کہ باغیوں کے ٹی وی چینل کے مطابق سعودی افواج نے اپنی سرحد سے قریب الدالی ضلع اور الغور کی پہاڑیوں پر بمباری کی ہے لیکن ان میں ہلاکتوں اورزخمیوں کی تعداد کی تفصیل موصول نہیں ہوئی ہیں۔

دوسری جانب جنگ بندی کے خاتمے کے بعد انسانی امدادی اوربحالی کی تنظیمیں محتاط ہوگئیں اور وہ فوری طور پر اپنے کام نمٹا رہی ہیں جب کہ خواتین اور بچوں کی مدد کرنے والے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے مطابق ملک بھر میں شدید لڑائی اور بمباری کی خبروں کے باودجود ہسپتال، مراکزصحت اور عارضی پناہ گاہوں میں طبی اور امدادی سامان پہنچایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ پانچ روزہ جنگ بندی کی پیشکش سعودی حکومت کی جانب سے کی گئی تھی جس پر 12 مئی سے عمل درآمد شروع ہوا تھا جو اتوار کی رات کو ختم ہوگیا۔